اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ کرد ملیشیا نے پیر کے روز کرد آبادی کے سرحدی شہر کوبانی کو دہشتگردوں کے وجود سے پاک کردیا جہاں داعش کے دہشتگرد، پیچھے ہٹنے پر مجبور ہوگئے-شہر سے داعشیوں کے فرار کے بعد لوگوں ميں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے- شہر کوبانی پر داعش دہشتگرد گروہ کے حملے کے وقت ترکی نے، جو شام میں مسلح دہشتگردوں کی حمایت کرتا آیا ہے، کردوں کیلئے اپنی مشروط مدد کا اعلان کیا تھا، ترکی کے حکام نے شہر کوبانی میں داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں عالمی برادری کےساتھ تعاون کو شام سے بشار اسد کی حکومت کے خاتمے سے مشروط کیا تھا، جبکہ کردوں پر یہ بات روز روش کی طرح عیاں ہے کہ داعش دہشتگردوں کو ترکی سے ہی ہتھیار مل رہے ہیں- شہر کوبانی کے ممکنہ سقوط کے موقع پر داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف قائم ہونے والے عالمی اتحاد نے گذشتہ سال ستمبر سے کوبانی میں اس گروہ کے ٹھکانوں پر حملے شروع کئے مگر یہ حملے، داعش دہشتگرد گروہ کی پیش قدمی روکنے میں کارگر ثابت نہ ہوئے- کوبانی میں داعش دہشتگرد گروہ کی پیش قدمی کو دیکھتے ہوئے عراقی کردستان کی پیشمرگہ ملیشیا نے شہر کوبانی کا دفاع کرنے والے کردوں کی مدد شروع کردی اور سرانجام کردوں نے اس اہم اور اسٹریٹیجک شہر کو اپنے کنٹرول میں لے لیا- ادھر عراقی صوبہ دیالہ میں بھی داعشیوں کو فوج اورعوامی رضاکاروں کے مقابلے میں زبردست ہزیمت اٹھانی پڑی ہے- صوبے دیالہ کے گورنر عامر المجمعی نے پیر کے روز العراقیہ ٹی وی چینل سے گفتگو میں کہا ہے کہ صوبے دیالہ سے داعش دہشتگردوں کا صفایا کردیا گیا ہے اور یہ کامیابی، عراقی فوج، قبائلی افراد اور عوامی رضاکاروں کے آپسی تعاون کا نتیجہ ہے- انھوں نے کہا کہ صوبے دیالہ کی آزادی میں عالمی اتحاد کے ہوائی حملوں کا کوئی کردار نہیں ہے- عامر المجمعی نے کہا کہ صوبے دیالہ میں عراقی ماہرین نے بارودی سرنگوں کا پتہ چلاکر انھیں ناکارہ بنایا ہے اور اس صوبے کے مختلف علاقوں سے بارودی سرنگوں کا صفایا کردیا گیا ہے- انھوں نے اس صوبے کے شہریوں کی وطن واپسی کے بارے میں بھی کہا کہ آئندہ ہفتے تک مکمل تیاری ہوجائے گی تاکہ اس علاقے کے شہری، اپنے وطن واپس لوٹ سکیں- عراق میں داعش دہشتگرد گروہ کے مقابلے میں استقامت کرنے والے عوامی رضاکاروں کی کامیابیوں نے اس گروہ کے زیرقبضہ علاقوں کو بہت محدود کردیا ہے جبکہ شام کے سرحدی شہر کوبانی سے داعش دہشتگردوں کا، ایسی حالت میں صفایا کردیا گيا ہے کہ اس گروہ کو امریکہ، اسرائیل، ترکی اور سعودی عرب کی مکمل حمایت حاصل رہی ہے- چنانچہ کہا جاسکتاہے کہ داعش کے گرد گہرا تنگ ہوتا جارہا ہے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲